علماء سے چند گزارشات مفتی ابو بکر جابر قاسمی صاحب

خلاصۂ بیان حضرت مفتی ابوبکر جابر صاحب دامت برکاتہم 

بموقع : فکری و تربیتی پروگرام
زیر اہتمام: حلقہ ضیاء المکاتب 

ادارہ وفاق المکاتب تلنگانہ وآندھرا کے حلقہ ضیاء المکاتب ( یاقوت پورہ ، ملک پیٹ ، عنبر پیٹ وغیرہ) کے تحت وقتاً فوقتاً مکاتب کے اساتذہ کے لیے فکری و تربیتی پروگرام ہوتے رہتے ہیں ، جن میں مکاتب کے طریقہ تدریس ، بچوں کی نفسیات ، وغیرہ پر کسی عالم دین کی بات طے کی جاتی ہے ، اس مرتبہ (١٦ اکتوبر٢٥ مطابق ٢٣ربیع الثانی ٤٧ بروز جمعرات ) شہر بلکہ ملک کی مشہور و معروف شخصیت مفتی ابوبکر جابر صاحب دامت برکاتہم کا بیان طے ہوا ، حضرت اپنے نپے تلے الفاظ و مؤثر انداز بیان (جس کی وجہ سے کم وقت میں آپ کے بیان میں بہت ساری مفید باتیں آجاتی ہیں) کی وجہ سے جانے جاتے ہیں ، یہ بیان بھی اسی طرح دریابکوزے کے مصداق تھا ، عاجز نے جستہ جستہ بیان کے مشمولات نوٹ کیے تھے ، افادہ کے لیے یہ بیان عام کیا جارہا ہے 

 حمد و صلاۃ کے بعد ! 

 🌹مثال بنو ۔۔مسئلہ نہ بنو 
بعض اساتذہ مثال ہوتے ہیں اور بعض مسئلہ ہوتے ہیں ۔۔۔انہیں سنبھالنا پڑتا ہے ان کی وجہ سے مکتب یا مدرسہ پر آنچ آتے رہتی ہے اسے حل کرنا پڑتا ہے ایسے نہ بنو ۔۔۔بلکہ ایسے بنو کہ لوگ اور طلبہ خود مثال دیں ۔۔۔آگے چل کر وہ آپ کی طرح بننے کی فکر کریں

🌹جو طلبہ آپ کے پاس پڑھ رہے ہیں وہ معصوم و بے گناہ ہیں ، شرم کیوں نہیں آتی استاذ کو خود گنہگار ہے اور بےگناہ طلبہ کو مارتا ہے 

🌹مکتب کے طلبہ کو ڈاڑھی ٹوپی والے حلیہ سے متوحش نہ کرو 


🌹کمزور طلبہ کا نام لے کر تنہائی میں دعا کرو ۔۔۔اس میں بڑی طاقت ہے 
🌹بچوں کو سزا دیتے وقت ایسی کیفیت ہونے چاہیے جیسے ماں کی اولاد کو سزا دیتے وقت ہوتی ہے 
ماں کی سزا کیسی ہوتی ہے ؟۔۔۔وہ بچوں کو سزا دیتی ہے لیکن تنہائی میں روتی ہے 
ایسے ہی استاذ کو مشفق ہونا چاہیے 


🌹سخت سے سخت بات میٹھے میں لہجے کہی جاسکتی ہے ۔۔۔
کوئ شہد بیچنے والا بدزبان تھا تو اس کا شہد نہیں بکا، اور ایک سرکہ بیچنے والا شیریں زبان تھا ۔اس کا سرکہ بک گیا، اس لیے طلبہ سے نرم لہجے میں بات کریں ۔


🌹ہم کہتے ہیں کہ فلاں نے مجھ سے پڑھا فلاں نے مجھ سے پڑھا ۔۔۔۔لیکن ہم سے متنفر ہوکر کس نے دین و تعلیم کو چھوڑا یہ میدان محشر میں معلوم ہوگا، اس لیے خدارا کسی بچے کی تعلیم چھوٹنے یا یہ لائن چھوٹنے کاسبب نہ بنو ۔

🌹جو استاد اپنی محنت کو تن خواہ میں تول رہا ہے اس نے اپنی محنت کو ذلیل کردیا،
کیسے خیال آیا کہ یہ دنیا میری اس محنت کا بدلہ دے گی ۔۔ یہ دنیا والے ایک مرتبہ کہے گئے سبحان اللہ کا بدلہ نہیں دے سکتے ، کیوں کہ اس کا بدلہ پوری دنیاو مافیہا سے زیادہ ہے ، اس لیے اہل دنیا سے اپنی محنت کے بدلہ کی امید نہ لگائیں ، بلکہ اس خدمت کا بدلہ آخرت کے لیے چھوڑ رکھیں 


🌹ملازم بن کر چلنے والا انقلابی نہیں بن سکتا ۔۔۔اس لیے اللہ سے معاملات کرکے کام کیجیے 

🌹تحفیظ سے زیادہ تفہیم کی ضرورت ہے 
میمورائز سے زیادہ موٹیویٹ کرنے کی ضرورت ہے ۔۔۔کلمہ رٹائیں ۔۔۔مگر اس کو سمجھائیں بھی 
ایمان مفصل سمجھائیں 
چہل حدیث سمجھائیں 

🌹 محیی السنہ کی لکھی ہوئی کتاب چار امام کو مطالعہ میں رکھیں ۔۔۔اس سے ائمہ عظام کی وقعت دل میں بیٹھے گی اور طلبہ کو بھی بتا سکیں گے ، 

🌹یہ پڑھنے پڑھانے کا دینی ماحول جو ملاہے وہ بڑی نعمت ہے 
کیوں کہ اس ماحول نے اختیاری نہ سہی اضطراری طور پر کتنے سارے گناہوں سے بچارکھا ہے ۔۔۔؟؟ 
اس لیے بنے ہوئے ماحول کی قدر کریں ۔
مدرسہ نہ ہو تو کون فقہ وفتاویٰ کاکام کرے گا۔
جمعہ نہ ہوتو کتاب کون پڑھ تا ہے ؟
فجر کی امامت نہ ہو تو کتنے علماء وحفاظ کی فجر باجماعت ہوتی ہے ؟
اس لیے ماحول کی قدر کرلو ۔۔۔

🌹 ایک جگہ ہم لوگ نیم پاگلوں کے اسکول گئے ایک جگہ نابیناؤں کے اسکول کا دورہ کرنے کی توفیق ہوئ وہاں جانے پر بچے ڈر گئے ٹیچرز سے لپٹ گئے ، وہاں کے اساتذہ نے کہا کہ ہم ان کے کپڑے صاف کرتے ہیں ، ان کی ہر بات سنتے ہیں ، اور ان کے ماحول میں ڈھل کر انہیں پڑھاتے ہیں ، ایسے بے شمار 
 اسکول ہیں ، 
پڑھانے والے انہیں پڑھارہے ہیں ہمارے شاگرد تو ان سے گئے گزرے تو نہیں ہیں ، 
لوگ معذوروں کو ۔۔ اجڈ لوگوں کو دیہاتیوں کو اندھوں کو پڑھا سکتے ہیں
میں اچھے بچوں کو کیوں نہیں پڑھاسکتا؟
اس لیے ہر بچہ آپ کے پاس آنے والا قیمتی ہے اسے پڑھانے کی پوری کوشش کریں 


🌹آج اساتذہ کو تن خواہ کی کمی کا غم ہے ،اپنے صفات کی کمی کا غم نہیں ، 
ضرورتوں کا غم زیادہ ہے ، اس سے زیادہ ذمہ داریوں کا غم ہونا چاہیے

🌹فضولیات سے بچ جائیں گے تو ضروریات پوری کرنے کے اسباب و ذرائع مل جائیں گے۔


🌹 آج تنظیموں کے اختلاف اور بے کار کے جھگڑوں میں ہم پڑے ہوئے ہیں ، اس کی وجہ سے جو عالم چالیس سال ، تیس سال سے دین کی خدمت میں لگا ہوا ہے اس کی برائیاں بیان کرنے انہیں پھیلانے میں لگے ہوئے ہیں ، 
یاد رکھو ! اس آدمی کی بدبختی آگئی ۔جو اپنے بڑوں کے عیوب کے پیچھے لگ گیا ۔۔۔
اس لیے بڑوں کے عیوب یا ان کی برائیوں کے پیچھے مت پڑو، 

🌹 تن خواہ کی کمی کی وجہ سے بعض علماء وحفاظ اس لائن کو چھوڑ دیتے ہیں ، سن لیجیے ! دینی ماحول وخدمات سے نکلنا آسان ہے ، لگنا مشکل ہے ، اس لیے اس لائن کو مت چھوڑیں 

🌹یہ تصور رہے کہ اگر مجھے مسجد سے نکالا گیا تو وہ صدر نے یا کمیٹی نے نہیں نکالا میری تنہائیوں نے نکالا ۔میری بداعمالیوں نے نکالا، 


🌹اذھبتم طیباتکم فی حیاتکم الدنیا اس آیت کے مطابق کیا ہم دنیا ہی میں اپنے نیکیوں وخدمات کا بدلہ لینا چاہتے ہیں ؟
صحابہ و اکابر نے دنیا کی خدمات کے معاوضے دنیا ہی میں ادا کردئے کہ کہیں یہ دنیا ہی میں بدلہ نہ دے دیا گیا ہو،
حضرت ابوبکر نے بیت المال کو اپنے وظائف لوٹادئے ، مفتی سعید صاحب پالنپوری رحمت اللہ علیہ نے دارالعلوم کی ساری تن خواہ واپس کردی ،
 اس لیے اپنے دنیاوی خدمات کابدلہ آخرت میں اللہ سے لینا ہے ، کیوں کہ 
اللہ کا قانون ہے کہ جو ان کے لیے،ان کی رضامندی کی خاطر دنیا چھوڑتا ہے ، اسے خوب دیتے ہیں ، یوسف علیہ السلام نے زلیخا کو چھوڑا تو اللہ نے جوانی کے ساتھ واپس کیا ، ایسی بہت سی مثالیں ہیں۔

🌹فرصت میں فساد ہے۔ اس لیے فرصت میں نہ رہیں ، نہ اپنے طلبہ کو فرصت میں رہنے دیں ۔

🌹 اپنے گھر سے محنت کریں ، آپ کے مکتب کا سب سے پہلا شاگرد آپ کی بیوی ہے، اپنے گھر پر پہلے محنت کرو ،
مفتی سعید صاحب رحمہ اللہ کے اسفار و خدمات سے زیادہ ان کی معاشرت(گھریلو زندگی) نے حیرت زدہ کیا ۔۔۔بیوی کو حافظ بنایا ۔۔۔بچوں کو حافظ بنایاگھر ہی میں ، ایک ایک 
بچے کی شادی کرتے سال بھر ساتھ رکھتے پھر سامنے ہی کسی گھر میں منتقل کردیتے اور فرماتے ! ہم مرے نہیں ہیں سامنے رہو اور زندگی گزارنا سیکھو ، کچھ کمی بیشی ہوگی ہم پوری کریں گے، 
اس لیے اپنے گھر سے تعلیم کا آغاز کریں ، 

🌹ہم مال کی کمی کا روناروتے رہتے ہیں، اور اس کی چکر میں بہت اہم اور ضروری چیزیں اپنی زندگی کی چھوڑ بیٹھتے ہیں ، کیا انسان مال کی کمی ہے تو مطالعہ نہیں کرسکتا؟
مال کی کمی ہے تو شیخ سے رابطہ نہیں کرسکتا؟ مال کی مکی ہے تو بیوی کو نہیں پڑھا سکتا؟ کیا مال کی کمی ان چیزوں میں مانع ہوسکتی ہے ؟ نہیں ہرگز نہیں ۔۔اس لیے مال کی کمی کا بہانہ بنا کر اپنی ان ذمہ داریوں سے غافل نہ ہوں ، 

🌹بچوں کے ایمان کی فکروں کے سلسلے میں مفتی سلمان بجنوری صاحب نے بڑی بات کہ دی _____ کہ زمانہ ایسا آچکا ہے کہ اسکول سے واپس آنے کے بعد بچوں کو کلمہ پڑھانا پڑے گا۔
شاہ ولی اللہ محدث دہلوی نے موت کے وقت اپنے چار بیٹوں کو بلایا اور کہا کہ بچوں میں اس ملک کے مسلمانوں کا ایمان تمہارے پاس گروی رکھ کر جارہا ہوں ۔۔۔قیامت کے دن پوچھوں گا۔ آج یقیناً یہی حالات آچکے ہیں ، اس لیے مکاتب کے اساتذہ کی ذمہ داری مزید بڑھ چکی ہے ، 

🌹اس زمانے کے بچے جوانی سے پہلے بوڑھے ہورہے ہیں ، موبائل نے انہیں کہیں کا نہیں چھوڑا ، 
اس لیے بچوں کے اخلاقیات بھی سنواریں ۔۔ان کی تنہائیوں کو پاک کرنے کی کو شش کریں
اللہ توفیق عمل نصیب فرمائے آمین 

ابو احسان ذکی 
خادم ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد

No comments:

Post a Comment

ہر قسم کےمضامین کا پلیٹ فارم

Followers

Label

Recent Comments

Popular Posts

Argyle Creme Template © by beKreaTief | Copyright © صراط مستقیم