*بسمﷲالرحمن الرحیم*
_*کیا لوگ تھے جو راہِ وفا سے گذر گئے*
*ڈابھیل میں قافلہٴ انوری کے ورود مسعود کے سلسلے میں ایک تاثراتی تحریر*
_*✍🏻تحریر: محمد عمرین محفوظ رحمانی*_
*(سجادہ نشیں خانقاہ رحمانیہ مالیگاؤں)*
```﴿گذشتہ کل مورخہ۷؍ ربیع الاول ۱۴۴۷ھ مطابق ۳۱؍ اگست ۲۰۲۵ء جامعہ اسلامیہ تعلیم الدین ڈابھیل کے صد سالہ اجلاس میں شرکت کا موقع ملا، ویسے تو جامعہ کے قیام پر ۱۲۰؍ سال مکمل ہوچکے ہیں، لیکن یہ صد سالہ اجلاس ”قافلہٴ انوری“ کے ورودِ مسعود کے سو سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقد کیا گیا تھا،ماشاءﷲاجلاس کامیاب رہا، جامعہ کے فضلاء اور دیگر اہلِ علم وذوق نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اور سکون ودلجمعی کے ساتھ پورے اجلاس کو سماعت کیا، ترتیب، حسن انتظام اور سلیقےکےاعتبارسے بھی اجلاس خوب رہا،حضرت مولانا مفتی محمود بارڈولی اور مفتی معاذ صاحب کی نظامت نے اجلاس کا حسن دوبالا کیا،اہلِ گجرات کی مہمان نوازی ویسے بھی مشہور ہے،اجلاس کے موقع پر اس کا خوب خوب مظاہرہ ہوا، البتہ مقالات کی کثرت نے اجلاس کو سیمینار کی شکل دے دی اور کئی مقالات میں مکررات کا ذکر بارِ خاطر ثابت ہوا، کتنا اچھا ہوتا کہ اجلاس کے آخر میں جامعہ کے فضلاء کے لیے ایک مبسوط اعلامیہ پیش کیا جاتا جس میں ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں ان کے لیے راہِ عمل متعین کی جاتی اور ایک گائیڈ لائن ان کے سپرد کردی جاتی، دوپہر کی نشست میں حضرات اکابر نے یقینا فضلاءکی رہنمائی فرمائی، مگر اس طرح کے اجلاس کا ایک مضبوط، مربوط اور مبسوط اعلامیے پر اختتام زیادہ نتیجہ خیز ثابت ہوتا،اس موقع سے جامعہ نے جو رسالے اور کتابیں شائع کیں وہ بھی اہلِ ذوق کے لیے سرمہٴبصیرت ہیں،خاتم المحدثین حضرت علامہ انور شاہ کشمیری رحمۃ اللہ علیہ پر مخدوم گرامی حضرت مولانا مفتی احمد خانپوری زید مجدہم کا مقالہ بھی بصیرت افروز ہے، مجھے اس اجلاس میں برادرِ مکرم حضرت مولانا مفتی محمد حسنین محفوظ نعمانی صاحب کی معیت میں حاضری کی سعادت میسر آئی، اسٹیج پر بیٹھے ہوئے کچھ لکھنے کی طرف میلان ہوا، مختصر تحریر کے ارادے سے قلم اٹھایا، پھر ذہن میں مختلف باتیں آتی گئیں اور لکھتا چلا گیا،لکھنا یکسوئی چاہتا ہے، مگر عجیب بات یہ ہوئی کہ اجلاس کی ہماہمی کے دوران یہ مضمون پورا ہوگیا،عزیزی حافظ عمار رحمانی سلمہ اللہ ساتھ تھے، انہوں نے کج مج تحریرکو ٹائپ کرکے پڑھنے کے قابل بنادیا،اس طرح میں بھی لہو لگاکر شہیدوں میں مل گیا، اللہ کرے کہ یہ تحریر پڑھنے والوں کے لیے مفید ثابت ہو۔۔۔۔۔۔۔۔۔﴾```
ظاہری نگاہ کوبندکیجیے، تصور کی آنکھیں کھولیے، دیکھیے کہ دار العلوم دیوبند سے ایک قافلہ قدسی صفات رخت سفر باندھ کر ڈابھیل جیسے چھوٹے سے گاؤں میں پڑاؤ ڈال رہا ہے، ایک ایسا قافلہ قدسی صفات جس میں علم وفضل کی فراوانی اور عشق وعقل کی تابانی تھی، ایک ایسا مبارک کارواں جو صفاتِ مومنانہ اور اوصاف مخلصانہ سے مزین تھا، ایک ایسی جماعت علماء جس میں کردار کی مستی اور فولاد کی سی سختی تھی، وہی مبارک طائفہ جس میں مدبر بھی تھے، مفکر بھی، محدث بھی تھے مفسر بھی، محرر بھی تھے مقرر بھی، مردم شناس بھی مردم گر بھی، وہی قافلہٴ علم وعمل جس میں عزم تھا، عزیمت تھی، اخلاص تھا، شجاعت تھی، فہم تھا، فراست تھی،عدل تھا، عدالت تھی، ایثار تھا، سخاوت تھی، تقوی تھا، طہارت تھی، ورع تھا، خشیت تھی، توکل تھا، انابت تھی، تعلق مع اللہ کا جوہر تھا اور معرفت ربانی کا زیور بھی، خدمت خلق کا جذبہ تھا اور نشر وانتقال علم کا حوصلہ بھی، صیانت وحفاظت دین کا شوق تھا اور اشاعت قرآن کا ذوق بھی، جینے کا سلیقہ بھی، زندگی برتنے کا طریقہ بھی، یہ وہی قافلہ تھاجس میں علم بھی تھا، حلم بھی تھا، عجز بھی تھا، صبر بھی تھا، یہ قافلہ کیا تھا، یوں کہہ لیجیے کہ انوار کا گنجینہ تھا اور علوم ومعارف کا خزینہ!
کیا لوگ تھے جو راہ وفا سے گذر گئے
جی چاہتا ہے نقش قدم چومتے چلیں
ذرا غور سے دیکھیے اس قافلے کی سیادت وقیادت کرنے والی شخصیت کون ہے؟ عالم ربانی، فضل وکمال کے امام، معرفت ربانی کے پیکر، نابغہٴ روزگار شخصیت، خاتم المحدثین حضرت علامہ انور شاہ کشمیری قدس اللہ سرہ، وہی جن کے وسعت علم، قوت حفظ اور درس وتدریس کی مہارت ضرب المثل کا درجہ رکھتی ہے، جن کے بارے میں شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی رحمۃ اللہ علیہ نے مقدمہ فتح الملہم میں لکھا ہے کہ ”لَمْ تَرَ الْعُیُوْنُ مِثْلَہُ، وَلَا رَأَیْ ھُوَ مِثْلَ نَفْسِہِ“، نگاہوں نے ان جیسا بے نظیر انسان نہیں دیکھا اور نہ خود انہوں نے اپنے جیسا کوئی صاحب علم کبھی دیکھا ہوگا، جن کی نیکی، پرہیز گاری اور تقوی شعاری کی گواہی حضرت مولانا حبیب الرحمن عثمانی رحمۃ اللہ علیہ نے یوں دی کہ ”جو شاہ صاحب کے پیچھے نماز پڑھ لے مجھے اس کی نجات کی توقع ہے“، شاہ صاحب کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی ؒ کا ان کے بارے میں یہ بلیغ ارشاد ہے کہ ”اس دور میں مولانا انور شاہ حقانیت اسلام کی دلیل ہیں“، شاعر مشرق علامہ اقبال ان کی وفات پر درد کی تصویر بنے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ”اسلام کی آخر کی پانچ صدیوں میں دنیا میں اتنا بڑا عالم پیدا نہ ہوا“، شاہ صاحب کی فکر مندی اور درد مندی کی عکاسی کرتے ہوئے ان کے شاگرد رشید اور عظیم عالم ربانی حضرت مولانا محمد یوسف بنوری ؒ نے فرمایا کہ ”میں نے اپنی زندگی میں کسی بزرگ اور عالم کو اتنا درد مند نہیں دیکھا جتنا کہ حضرت امام العصر کو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ دل میں کوئی زخم ہے جس سے ہر وقت خون ٹپکتا رہتا ہے“، مشہور مفکر وعالم شیخ رشید رضا مصری شاہ صاحب کے تبحر علمی کو دیکھ کر مسحور ہوگئے اور یہ لکھنے پر مجبور ہوئے کہ ”ھُو إِمامُ العصرِ، مُسْنَدُ الوَقتِ، المُحدِّثُ، المُفسِّر، الفَقیہُ الأُصُولِی، المُتکَلِّم النَّظَّار، الصُّوفِي، البَصیر، المُؤَرِّخ، الأَدِیب، الشاعِر اللُّغَوِي، البَحَّاثَۃ، النَقَّاد، المُحقِّق المَوھوبُ، الشیخ الإمامُ محمد أنوَر شاہ الکشميري“، (زمانے کے امام ، مسند وقت، محدث، مفسر، فقیہ ِ اصولی، نہایت زیرک متکلم، صوفی، دور اندیش انسان، مورخ، ادیب،قادر الکلام شاعر، مایہ ناز جویائے علم،بہترین نقاد، با توفیق محقق، شیخ امام محمد انور شاہ کشمیری)، اسی کے ساتھ ساتھ یہ بھی فرمادیا کہ ” لَیْسَتْ ھذِہ الألقابُ مِن قَبِیل المَدْحِ والإِطْرَاءِ، وَلا المُبالَغَۃِ والتَّفْخِیمِ، وإِنَّما ھِيَ منَ الحقائق الَّتي تَحَلَّی بِھا الإِمامُ الکشميريُّ“۔ (یہ سب القاب بے جا تعریف وتوصیف کی قبیل سے ہیں اور نہ مبالغہ اور غیر ضروری طور پر کسی کو اونچا مقام دینے کی کوشش ہے، بلکہ یہ سب وہ واقعی اوصاف وصفات ہیں جن سے امام کشمیر ی رحمۃ اللہ علیہ متصف تھے) بر صغیر کے سب سے بڑے اور عدیم المثال خطیب سید عطاء اللہ شاہ بخاری نے تو یہ کہہ کر باب المناقب کی تائے تمت لکھ دی کہ ”بھائی! حضرت علامہ کشمیری کے بارے میں کیا کہوں، بس یہ سن لو کہ صحابہ کرام کا قافلہ جارہا تھا، انور شاہ تیرہ سو برس پیچھے رہ گئے“، سبحان اللہ! کیسی عظیم المرتبت شخصیت، علم وعمل کا کیسا جامع انسا ن تھا! مشرق مغرب، شمال جنوب کے علمی حلقوں، جامعہ زیتونہ اور جامعہ ازہر سے لے کر بر صغیر کی درسگاہوں تک ، حجاز کے دانش کدوں سے لے کر اقصائے مغرب کے علمی وفکری زاویوں تک نہ ان کی کوئی مثال نظر آتی ہے نہ نظیر! نہ مثیل نہ بدیل! آہ شورش کیسے موقع سے یاد آگئے!
یہ جہاں فانی ہے کوئی بھی شے لا فانی نہیں
پھر بھی اس دنیا میں انور شاہ کا ثانی نہیں
اس مبارک کارواں کی سرپرستی جس بزرگ روحانی شخصیت نے فرمائی اس کا نام حضرت مفتی عزیز الرحمن عثمانی ہے، یہ علم وعمل کے حامل، نورانی بزرگ تھے، تفقہ میں یگانہ اور تصوف میں اویس زمانہ تھے، حضرت سلطان باہوقدس اللہ سرہ کا ارشاد ہے: ”دنیا عمل کا گھر، آخرت جزا کا گھر اور مومن کا دل معرفت ربانی کا گھر ہے“، ایسے ہی مومن کامل تھے مفتی عزیز الرحمن عثمانی، صاحبِ دل، صاحب نسبت، محبت الہی اور معرفت یزدانی کے حامل،اہل نظر کا ان کے بارے میں یہ احساس ہے کہ وہ مادر زاد ولی تھے، ان کی سادگی، ان کی عاجزی، ان کا جذبہٴ خدمت، ہر ایک مثالی تھا، بے نفسی ایسی کہ دور دور تک کوئی دوسری مثال نہیں! ایک پاکیزہ وجود، ایک ملکوتی انسان! جنہوں نے ان کو دیکھا اور برتا ان کا یہ تأثر تھا کہ ”معصومیت کے پیکر، مرنجا مرنج، خاموشی پسند، اوپر کی سطح سمندر کی طرح خاموش، اور اس کی تہہ میں ذہانت، علم، عمل، تقوی وورع، دیانت اور امانت، اخلاص ودلسوزی، ہمدردی وشفقت کے آبدار موتی“، اقبال نے ایسوں کے بارے ہی میں کہا تھا ؎
جلا سکتی ہے شمع کشتہ کو موج نفس کی
الہی کیا چھپا رہتا ہے اہل دل کے سینوں میں
نہ پوچھ ان خرقہ پوشوں کی ارادت ہو تو دیکھ ان کو
ید بیضا لیے بیٹھے ہیں اپنی آستینوں میں
دیوبند سے آنے والے” قافلہٴ نور“ میں علم تفسیر وکلام میں امتیازی شان ومقام رکھنے والے شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی رحمۃ اللہ علیہ بھی تھے، ان کی تفسیر عثمانی ان کے فضل وکمال کا منہ بولتا ثبوت اور شاہد عدل ہے، وہ علمی انسان بھی تھے، تحریکی اور میدانی آدمی بھی! محمد علی جناح جیسا زیرک اور مدبر شخص ان کی فراست، تحریکی صلاحیت اور غیر معمولی لیاقت سے متاثر تھا، انہوں نے وصیت بھی کی تھی کہ میری نماز جنازہ مولوی شبیر احمد دیوبندی پڑھائیں، مولانا شبیر احمد عثمانی مرحوم کی زندگی علمیت، فعالیت اور اقدام وعمل کا حسین نمونہ تھی ؎
ٹھہرا پانی کائی کھائے گھٹ گھٹ کر مرجائے
بہتا پانی پتھر چیرے اپنی راہ بنائے
اس قافلے میں اور بھی علماء وفضلاء تھے، درس وتدریس کے ماہر اور تربیت وتزکیہ میں ممتاز، ان اکابر کی کوششوں اور کاوشوں نے گجرات کو ہم دوش ثریا بنادیا، حضرت مولانا عبدالرحمن امروہوی، حضرت مولانا سراج احمد رشیدی، حضرت مولانا محمد ادریس سکھروڈوی، حضرت مولانا بد ر عالم میرٹھی، حضرت مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی، حضرت مولانا مفتی عتیق احمد عثمانی، حضرت مولانا یحیی تھانوی، حضرت مولانا سعید احمد اکبر آبادی رحمہم اللہ میں سے ہر ایک اپنی جگہ فضل وکمال میں نمایاں مقام کا حامل تھا، ان بزرگوں کے قدوم میمنت لزوم سے” مدرسہ تعلیم الدین“ ” جامعہ تعلیم الدین“ بن گیا، اس قافلے کی برکتوں کو دیکھنا ہو تو فضلائے جامعہ کی خدمات جلیلہ پر ایک نظر ڈالیے، ان کے کارہائے نمایاں کے بارے میں تفصیل معلوم کیجیے، تب پتہ چلے گا کہ کس طرح چراغ سے چراغ روشن ہوئے، اور خدمت دین متین کی بڑی جماعت تیار ہوئی، شاید دور افق کے پیچھے سے گزرے ہوئے ان بزرگوں کی ارواح یوں مخاطب ہیں ؎
ہم نے سوکھی ہوئی شاخوں پہ لہو چھڑکا تھا
پھول اگر اب بھی نہ کھلتے تو قیامت کرتے
کی محبت تو سیاست کا چلن چھوڑدیا
ہم اگر پیار نہ کرتے تو حکومت کرتے
ہم نے غم کو محبت کا تسلسل جانا
ہم کوئی تم تھے کہ دنیا سے شکایت کرتے
”قافلہٴ نور “کی آمد کو سو سال بیت گئے، اس قافلے کے سارے افراد ایک ایک کرکے رخصت ہوگئے، اجل نے اپنے شکار چن لئے، اور علم وعمل کے آسمانوں کو زمین نے اپنے اندر سمو لیا ؎
مقدور ہو تو خاک سے پوچھوں کہ اے لئیم!
تو نے وہ گنجہائے گراں مایہ کیا کیے
آئیے کہ اس قافلے کے چھوڑے ہوئے نقوش کو زندہ وتابندہ کریں، ان کے ماضی کے کارناموں سے اپنی مستقبل کی راہوں کو روشن کریں، اس وقت تاریکیوں کی یلغار ہے، ظلمتوں کی بوچھار ہے، مصائب کی آندھیاں ہیں، مشکلات کے طوفان ہیں، سفینہ ملت ہچکولے کھارہا ہے، ایسے میں اگلوں کا نمونہ ، اسلاف کا کردار، بڑوں اور بزرگوں کا طرز عمل، ہمارے لیے مشعل راہ اور مینارہٴ نور ہے ۔
علامہ انور شاہ کشمیری کی قیادت میں آنے والے قافلے نے صرف تدریس کی مسند کو زینت نہیں بخشی بلکہ ملت کی ہمہ جہت کی خدمت کی طرح ڈالی، آنے والوں کی درد مندی وفکر مندی ، ان کی جہد مسلسل اور کاوشِ پیہم میں بعد والوں کے لیے بڑا سبق ہے، اگر اس سبق کو دہرایا جائے اور” قافلہٴ انور“ کے اوصاف وصفات کے آئینے میں راہِ عمل متعین کی جائے تو فضلائے جامعہ کا دائرہ خدمت بھی وسیع ہوگا اور ان کے فیضان سے ملت سرشار ہوگی۔
کیا اس میں ہمارے لیے نمونہ عمل نہیں ہے کہ خاتم المحدثین حضرت شاہ صاحب ایک طرف مسند درس پر بیٹھ کر ابن حجر، نووی، عینی، عز الدین ابن عبدالسلام اور غزالی ورازی کی یاد تازہ کررہے ہیں اور دوسری طرف ڈابھیل واطراف واکناف کی مسجدوں میں از خود تشریف لے جاکر کسی نماز کے بعد خود سے یہ اعلان فرمارہےہیں کہ ”انور شاہ آپ کی خدمت میں حاضر ہے، دین کی کچھ بات سنانا چاہتا ہے، آپ تھوڑی دیر کے لیے مجھ سے دین کی باتیں سن لیں“، کیا ارتداد کی لہروں کا مقابلہ کرنے کے لیے مجاہد ملت مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی کی کوششیں اور ۱۹۴۷ء میں لٹی پٹی دلّی کے مسلمانوں کے قدم جمانے اور ان کی باز آباد کاری کے لیے کی جانے والی ان کی کاوشیں اپنے اندر درسِ عزم وعزیمت نہیں رکھتیں؟ کیا صرف مجاہد ملت کی یاد کافی ہے یا پھر مجاہد ملت بننا بھی ہمارے فرض کا حصہ ہے؟ ہر طرف اندھیریاں چھارہی ہیں، ہر سو جہالت ڈیرے ڈال رہی ہے، ان اندھیریوں کو دور کرنے کے لیے کون چراغ جلائے گا؟ ظلمت شب کے خلاف کون اجالوں کا سفیر بنے گا؟ یہ بات تو طے ہے کہ جہاں بارش نہیں ہوتی وہاں کی فصلیں خراب ہوجاتی ہیں، اور جہاں دین کی تعلیم نہیں ہوتی وہاں کی نسلیں برباد ہوجاتی ہیں، تو کیا ہم اپنی نسلوں کو برباد ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں؟ کیا ہم گاؤں دیہات میں آباد مسلمانوں کے دین، عقیدے اور ایمان کی حفاظت کی شمع زیادہ سے زیادہ روشن کرنے سے کترارہے ہیں؟ مجاہدِ ملت کے زمانے میں ارتداد کے جو واقعات ہورہے تھے وہ آج کے مقابلے میں کم ، بہت کم تھے، آج تو صورت حال زیادہ بگڑی ہوئی ہے، مسلمان بچیوں کو ارتداد کی لہروں سے بچانا نہایت ضروری ہے، ہمیں نئی نسل کو یہ احساس دلانا ہوگا کہ دین کی توحید کی قدر وقیمت کیا ہے؟ ساتھ ہی انہیں ان کی عزت وعظمت سے بھی آگاہ کرنا ہوگا، اور یہ بتانا اور کسی کا نہیں، ہمارا فرض ہے کہ ایک مسلمان ماں اگر اپنے دائیں ہاتھ سے جھولے اور پالنے کو حرکت دے سکتی ہے تو اپنے بائیں ہاتھ سے وہ دنیا کو بھی ہلاسکتی ہے۔
قادیانیت کے فتنے نے اگر حضرت شاہ صاحب کے دل کو زخمی کررکھاتھا اور الحاد ودہریت کے مسئلے نے اگر مولانا شبیر احمد عثمانی کے خون جگر کو جلادیا تھا تو آج بھی شکیلیت اور گوہر شاہیت اور دین بیزار لوگوں کے پھیلائے ہوئے فتنے زہریلے سانپ کی طرح پھن پھیلائے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں اور لوگوں کے ذہن ودل اور افکار وخیالات کو مسموم بنارہے ہیں، دور کہیں سے کانوں میں حضرت شاہ صاحب کی یہ درد بھری آواز آرہی ہے کہ ”گلی کا کتا بھی ہم سے بہتر ہے اگر ہم تحفظ ختم نبوت کا کام نہ کرسکے “، ضرورت ہے کہ ہم ان فتنوں کے مقابلے اور ان دشواریوں کے سد باب کے لیے آگے بڑھیں اور جھوٹے مدعیان نبوت کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں۔
تاریخ کے اوراقِ پریشاں یہ بتاتے ہیں کہ” قافلہٴ انوری “کے اسلاف ایک دوسرے سے برابر مربوط رہے، اور اتحاد فکر وعمل کے ساتھ اکرام واحترام کی روِش پر گامزن ہوئے، انہوں نے اپنے قال وحال سے یہ ثابت کیا کہ ہم ایک ہی کوثر کی موجیں اور ایک ہی لشکر کی فوجیں ہیں، ہم ایک ہی گلشن کے پھول ہیں، اس لیے کہ ہم عاشق رسول ہیں، ان کا یہ کردار وعمل فضلائے جامعہ سمیت سب علماء اور خدامِ دین کے لیے لائق تقلید اسوہ ہے، آپس کے انتشار اور فاصلوں نے ہمیشہ مشکل پیدا کی ہے، یہ سچائی ہے کہ جب تک ہم متحد رہے، زمانہ ہماری ٹھوکروں میں رہا، اور جب ہم منتشر ہوئے تو ہم زمانے کی ٹھوکروں میں آگئے۔
آج ڈابھیل کے صد سالہ اجلاس میں شریک ہوکر ماضی کی روشن تاریخ کو دیکھنے کی کوشش کررہا ہوں اور یہ سمجھنے کی بھی کہ جن بزرگوں کی خدماتِ جلیلہ اور مساعی جمیلہ نے نور ونکہت کی کہکشاں روشن کی، ان کے بافیض ہونے کا راز کیا تھا؟ کیا صرف علوم ومعارف میں ان کا امتیازی مقام یا خلق خدا میں بوئے گل کی طرح پھیلی ہوئی ان کی شہرت ومقبولیت؟ یا پھر الگ الگ شعبوں میں کی جانے والی ان کی غیر معمولی کاوش ومحنت اور مثل شمع پگھلنے کی عادت؟ نہیں، اس کا بنیادی سبب تعلق مع اللہ کا جوہر اور محبت الہی کی نعمت ہے، ان کے یہاں دن کی محنت کا سرا، رات کے آنسوؤں سے جڑا ہوا تھا، اور یہی وہ چیز ہے جو آدمی کو انسان بنادیتی ہے، اور انسان کو مسلمان کا روپ بخشتی ہے، اور مسلمان کو ”سلمان“ بناتی ہے، پھر یہ بھی کہ یہ جوہر گھر بیٹھے ہاتھ نہیں آتا اور نہ یہ گوہر بادشاہ کے خزانے سے میسر ہوتا ہے ؎
تمنا درد دل کی ہے تو کر خدمت فقیروں کی
نہیں ملتا یہ گوہر بادشاہوں کے خزینوں میں
صرف ”قافلہٴ انوری“ نہیں، اس کے ورودِ مسعود سے پہلے بھی یہاں مخلص اور باخدا لوگ آباد تھے، خود بانیٴ جامعہ مولانا احمد حسن بھام سملکی رحمۃ اللہ علیہ ایسے مخلص اور ذاکر انسان تھے کہ سوا لاکھ مرتبہ درود شریف پڑھ کر پھر مدرسے کی بنیاد رکھی اور جب مدرسے کو ضرورت پڑی تو اپنی اہلیہ کے زیورات تک فروخت کردیئے، پھر بعد کے ہر دور میں بھی جامعہ ڈابھیل کے بزرگوں نے علم کے ساتھ ساتھ ذکر سے اپنا رشتہ جوڑے رکھا اور اپنے سینے کو معرفت کا گنجینہ بنایا، یہاں کی فضاؤں میں جو نورانیت وروحانیت پھیلی ہوئی ہے وہ انہی نفوس قدسیہ کے انفاس قدسیہ کی برکت ہے ؎
بآں گروہ کہ از ساغر وفا مستند
سلام ما برسانید ہر کجا ہستند
آج بھی اس جامعہ میں دیگراہل دل کے علاوہ تاجدارِ اولیاء حضرت مفتی احمد خانپوری صاحب زید مجدہم ”میخانہٴ معرفت“ اور” دوکانِ دل “سجاکر جلوہ افروز ہیں اور کوئی شک نہیں کہ وہ اس دورِ قحط الرجال میں سلفِ صالحین کی یاد گار اور دین وملّت کی آبرو ہیں، ان کے علم وعمل کی جامعیت گذرے ہوئے بزرگوں کے طرز عمل کا امتداد ہے، ضعف وپیرانہ سالی کے باوجود ان کی فیض رسانی جاری وساری ہے اور ہر اک دل کی یہ دعا ہے کہ
دور میں ساغر رہے گردش میں پیمانہ رہے
مئے کشوں کے سر پہ یارب پیر میخانہ رہے
ساقیا ترے کرم سے دور پر چلتا رہے دور
اور مئے توحید سے لبریز پیمانہ رہے
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭